تاثیر 15 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) زرعی شعبہ میں تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی کے تحت کام کرنے والے نارائن کرشی وگیان سنستھان نے پٹنہ کی سروین ایگرو کیمیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں ۔ لمیٹڈ کمپنی سے اس معاہدے کا بنیادی مقصد طلباء، محققین اور کسانوں کو جدید ترین زرعی تکنیکوں، کھادوں اور کیڑے مار ادویات کے انتظام کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے، اسکے تحت سروین ایگرو کیمیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی طلباء کو تکنیکی مدد، انٹرن شپ کی شکل میں تربیت اور دلچسپی رکھنے والے طلباء کو روزگار کے مواقع فراہم کریگا، اسکے ساتھ طلباء کو زرعی شعبہ میں انٹرپرینیورشپ کرنے کے مواقع بھی ملینگے ۔ یہ معاہدہ طلباء کو تحقیق اور اختراع کی طرف حوصلہ افزائی کریگا ۔ ایم او یو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایم کے سنگھ، رجسٹرار پروفیسر دھرمیندر کمار، ایگریکلچر فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ایس ایس سنگھ، ڈائریکٹر پروفیسر ایچ کے سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر سندیپ کمار موریہ اور ڈاکٹر محمد ہاشم کی موجودگی میں ہوا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس طرح کی تربیت کے ذریعہ، تعلیمی، صنعتی تعاون سے زرعی تعلیم کو عملی جہت ملیگی اور طلباء کو صنعت کی حقیقی ضروریات سے جوڑنے میں مددگار ہوگی ۔

