تاثیر 29 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 29 ستمبر:قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے تمل ناڈو کے تروچیرا پلی میں دم گھٹنے سے دو صفائی کارکنوں کی موت کا از خود نوٹس لیا ہے اور دو ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا ہے۔
این ایچ آر سی نے پیر کو کہا کہ یہ واقعہ 22 ستمبر کو تروورمبور کے متھو نگر علاقے میں کارمل گارڈن کے قریب ایک نئی تعمیر شدہ زیر زمین نکاسی آب کی پائپ لائن پر پیش آیا۔ مرنے والے مزدور تروچی میونسپل کارپوریشن کی ایک تعمیراتی کمپنی میں ملازم تھے۔این ایچ آر سی نے اس معاملے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے میونسپل کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ تروچیراپلی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے جس میں تحقیقات کی صورتحال اور جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ کو ادا کیے گئے معاوضے کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ کمیشن کے مطابق یہ واضح نہیں کہ متاثرہ کارکنوں کو کام کے دوران مناسب حفاظتی سامان فراہم کیا گیا یا نہیں۔ کمیشن نے کہا کہ اگر رپورٹ کے مندرجات درست پائے گئے تو ضروری کارروائی کی جائے گی۔

