تاثیر 2 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 2 ستمبر:پالگھر ضلع میں نو تعمیر شدہ ممبئی وڈودرا ایکسپریس وے پر ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ تقریباً پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈہانو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔حادثہ گنجاد گاؤں کی سرحد میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کار بہت تیز رفتاری سے جا رہی تھی جس کی وجہ سے ڈرائیور نے اچانک گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا۔ کار کئی بار ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے واضح ہوتا ہے کہ کار کی رفتار بہت زیادہ تھی۔سڑک کی تعمیر کے کام میں مصروف کمپنی کے ملازمین کو جیسے ہی حادثے کی اطلاع ملی، وہ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ وہ زخمیوں کو قریبی اسپتال لے گئے اور ڈہانو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔

