تاثیر 5 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 5 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے ذریعہ تعلیم کے میدان میں کئے گئے کام کی تعریف کرتے ہوئے قومی تعلیمی پالیسی-2020 کو ترقی کی بنیاد قرار دیا۔ وزیر اعظم نے دھرمیندر پردھان کے ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والے مضمون کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا اور اس کی تعریف کی۔ اس مضمون میں، پردھان نے قومی تعلیمی پالیسی-2020 کو ہندوستان کے خود انحصاری اور ترقی کے سفر کا محور قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیر تعلیم نے اپنے مضمون میں بتایا ہے کہ آج اساتذہ تیزی سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنا رہے ہیں۔ پی ایم ای ودیہ، دکشا اور سویم جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اساتذہ کو ڈیجیٹل کلاسز، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، نئے نصاب اور طلباء کی مختلف تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم تعلیم کو مزید جامع، قابل رسائی اور جدید بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

