بریلی میں آئی لو محمدؐپوسٹر کو لے کر احتجاج کے دوران افرا تفری ، پولیس نے لاٹھی چارج کیا

تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بریلی، 26 ستمبر: اتر پردیش کے بریلی ضلع میں جمعہ کی نماز کے بعد ’’آئی لو محمد‘‘ کے پوسٹر کو لے کر ہنگامہ شروع ہوگیا۔ احتجاج کے دوران کہیں سے پولیس پر پتھراؤ ہوا اس کے بعد افرا تفری مچ گئی ۔ پولیس نے مشتعل افراد پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ پولیس اور ضلعی اہلکاروں نے بھی کمک کے ساتھ چارج سنبھال لیا۔ احتیاط کے طور پر، کمک تعینات کی گئی ہے اور نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے متعدد افراد کی شناخت کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی اجے کمار ساہنی نے بتایا کہ مولانا توقیر رضا کی کال پر مسلم نوجوان بریلی کے اسلامیہ میدان میں جمع ہونے جارہے تھے۔ ان کا مقصد ’’آئی لو محمد‘‘ کے معاملے پر انتظامیہ کو میمورنڈم پیش کرنا تھا۔ اس سے پہلے، 4 ستمبر کو، عید میلاد النبیؐ کے موقع پر کانپور میں پولیس نے کئی مسلم نوجوانوں کو “آئی لو محمد” کے پوسٹر اور بینرز آویزاں کرنے پر گرفتار کیا تھا۔ اسی معاملے پر نماز جمعہ کے بعد احتجاج کرنے والے لوگوں کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی۔ انتظامیہ کی جانب سے اجازت کی منسوخی کے باوجود سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔