تاثیر 9 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 9 ستمبر: بہار میں بدعنوانی کے خلاف محکمہ نگرانی کی کارروائی جاری ہے۔ اس ضمن میں منگل کے روزمدھے پورہ ضلع کے مٹھائی تھانہ انچارج، متیندر پرساد منڈل کو نگرانی ٹیم نے 20،000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ دوسری طرف بیگوسرائے ضلع کے ڈنڈاری بلاک میں تعینات ریونیو سرکل افسر (سی او) راجیو کمار اور وہاں موجود ڈیٹا انٹری ا?پریٹر کو 2 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔مدھے پورہ ضلع کے مٹھائی تھانہ انچارج پر مجرمانہ معاملہ طے کرنے اور متاثرہ کے درمیان تصفیہ کروانے کے بدلے 20 ہزار روپے کا مطالبہ کرنے کا الزام ہے۔ شکایت ملنے پرمحکمہ نگرانی نے منصوبہ بندی کی اور کارروائی کی۔ جیسے ہی تھانہ انچارج نے مقررہ رقم لی، نگرانی ٹیم نے اسے موقع پر ہی پکڑ لیا۔
نگرانی حکام کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد ملزم ایس ایچ او کو عدالتی تحویل میں لے کر پٹنہ لے جایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ ایک حالیہ لوٹ سے متعلق ہے، جس میں ایک ملزم کی ماں پونم دیوی نے محکمہ نگرانی شکایت درج کرائی تھی۔ پونم دیوی نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کو ایک سازش کے تحت پھنسایا گیا اور مقدمہ ختم کرنے کے لیے 2 لاکھ روپے پہلے ہی دیے گئے تھے۔ اس کے باوجود اسے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور ذہنی طور پر ہراساں کیا جا رہا تھا۔ پونم دیوی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے نگرانی نے منگل کی صبح ایس ایچ او کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
دوسری طرف بیگوسرائے ضلع کے ڈنڈاری بلاک میں تعینات ریونیو سرکل افسر (سی او) راجیو کمار اور وہاں موجود ڈیٹا انٹری ا?پریٹر کو نگرانی ٹیم نے ڈنڈاری بلاک میں جال بچھا کر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ جیسے ہی سی او راجیو کمار اور ڈیٹا انٹری اپریٹر کندن کمار متاثرہ سے دو لاکھ روپے رشوت لے رہے تھے، نگرانی ٹیم نے چھاپہ ماری کر دونوں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے بعد نگرانی ٹیم دونوں کو اپنے ساتھ پٹنہ لے گئی ہے۔

