پاکستان کے شہر کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے میں زوردار دھماکہ، 15 افراد جاں بحق، 35 سے زائد زخمی

تاثیر 3 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 03 ستمبر: پاکستان کے شہر کوئٹہ میں منگل کی شب ایک بڑے بم دھماکے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔ بم دھماکے میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہ خودکش دھماکہ سریاب کے علاقے شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے نکالی گئی ریلی کے اختتام کے فوراً بعد ہوا۔ حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
پاکستان کے اخبار ڈان کے مطابق یہ دھماکہ منگل کی شب سردار عطاء اللہ مینگل کی چوتھی برسی کے موقع پر نکالی گئی ریلی کے اختتام کے تقریباً 15 منٹ بعد ہوا۔ اس وقت ریلی میں شریک لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی اور اپنے گھروں کو روانہ ہونے کی تیاری کر رہی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ خودکش حملہ آور نے پارکنگ ایریا میں اپنی جیکٹ سے بندھے بم کو دھماکہ سے اڑا دیا۔
واقعے کے بعد صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ تاہم اس حملے میں ریلی کی قیادت کرنے والے بی این پی کے رہنما محفوظ رہے۔