تاثیر 20 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 20 ستمبر: جن سوراج کے بانی پرشانت کشور نے قومی جمہوری اتحاد کے چار سرکردہ رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے نئے انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، وزیر منگل پانڈے، وزیر اشوک چودھری اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنجے جیسوال کے بدعنوانی کے مختلف معاملات میں ملوث ہونے کی تفصیل بتائی۔
پرشانت کشور نے سب سے پہلے وزیر منگل پانڈے کے بارے میں بتایا کہ ان کی اہلیہ ارمیلا پانڈے کے پنجاب نیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر 1499000141819 میں سال 2019 اور 2020 میں دو کروڑ 12 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں۔ اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے، یہ کہاں سے آیا ؟۔ منگل پانڈے نے بتایا تھا کہ انہوں نے دہلی میں ایک فلیٹ خریدنے کے لیے اپنے والد سے 25 لاکھ روپے قرض لئے تھے۔ ہمارا سوال یہ ہے کہ یہ رقم ان کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں کیسے آئی؟ کہیں سے آئی بھی تو آپ نے اعلان کیوں نہیں کیا؟ انہوں نے کہا کہ منگل پانڈے اگر اس کا جواب نہیں دیتے ہیں توہم بتائیں گے کہ کس اکاؤنٹ سے یہ روپے ٹرانسفر کئے گئے ہیں۔

