تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی 11 ستمبر کو اتر پردیش اور اتراکھنڈ کا دورہ کریں گے۔ وارانسی میں وہ ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام کی میزبانی کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم دہرادون جائیں گے اور شام کو اتراکھنڈ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کریں گے۔ سروے کے بعد وزیر اعظم حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق وارانسی چوٹی کانفرنس باہمی خوشحالی، پائیدار ترقی اور ایک محفوظ اور جامع مستقبل کی طرف ہندوستان اور ماریشس کے مشترکہ سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر رام غلام 9 سے 16 ستمبر تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دو طرفہ بات چیت کے دوران وزیراعظم اپنے ماریشین ہم منصب کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی تمام جہتوں کا جائزہ لیں گے۔ اس میں ترقیاتی شراکت داری اور صلاحیت سازی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وہ صحت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، توانائی، بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور بلیو اکانومی میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی بات کریں گے۔

