تاثیر 5 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی انتظامیہ اعلیٰ سطح کے تعلیمی ماحول کے لئے ہر ممکن انتظامات کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ آج یوم اساتذہ کے موقع پر یونیورسٹی کے دیو منگل آڈیٹوریم میں منعقدہ ابتدائی پروگرام میں موجود نئے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر گوپال نارائن سنگھ نے مذکورہ باتیں کہیں ۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ آپ ہمارے نظام کے مطابق پوری توجہ کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اپنے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کا نام روشن کریں ۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہندر کمار سنگھ نے طلباء کو یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کو انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے بارے میں چوکنا رہنا چاہئے اور جس مقصد کے لئے آپ یہاں آئے ہیں اسے حاصل کرنے کے لئے اپنی صلاحیت کے مطابق کام کریں ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری گووند نارائن سنگھ نے نئے طلباء سے کہا کہ آپ نے اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لئے گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی کا انتخاب کیا ہے، یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے، آپ کے اس فیصلے سے ہمارا احتساب بڑھ گیا ہے اور یونیورسٹی فیملی آپ کے مستقبل کے تئیں پوری طرح چوکس اور حساس ہے ۔ اس سے پہلے تمام مہمانوں نے شمع افروزی کر پروگرام کا افتتاح کیا اور ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کی تصویر پر کلپوشی کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ افتتاحی تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جگدیش سنگھ، رجسٹرار ڈاکٹر دھرمیندر کمار، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر کمار آلوک پرتاپ سنگھ نے بھی خطاب کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی ۔ اس موقع پر ڈین آف اسٹوڈنٹ ویلفیئر ڈاکٹر انشومان، چیف پراکٹر ڈاکٹر للیتیشور پرتاپ سنگھ، اسسٹنٹ رجسٹرار متھیلیش کمار سنگھ، پبلک ریلیشن آفیسر بھوپیندر نارائن سنگھ کے علاوہ تمام فیکلٹیوں کے سربراہان، سینئر اساتذہ، چانسلر کے پرسنل سکریٹری کرشنا ساہو وغیرہ موجود تھے ۔ پروگرام کی نظامت نارائن کرشی وگیان سنستھان کے استاذ ڈاکٹر جیوتی نے کی ۔ اخیر میں قومی ترانے کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا ۔

