تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ریاض،26ستمبر:سعودی عرب نے فلسطینی اتھارٹی کے لیے ایک ہنگامی بین الاقوامی اتحاد تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ مملکت اس کے ذریعے 9 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔ یہ بات سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے “دو ریاستی حل” پر عالمی اتحاد کے مشترکہ اجلاس میں بتائی۔انھوں نے واضح کیا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد اب 159 سے زائد ہو چکی ہے۔ یہ پیش رفت سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے بعد سامنے آئی، جس کا مقصد فلسطین کے مسئلے کا پر امن حل اور “دو ریاستی حل” پر عمل درآمد ہے۔ وزیر خارجہ کے مطابق عرب اور اسلامی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا ہے کہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
فیصل بن فرحان نے زور دیا کہ غزہ کی جنگ کا خاتمہ دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے بنیادی شرط ہے۔ ان کا کہنا تھا “ہم امریکا کے ساتھ مل کر جنگ روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ ہو۔”

