تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں ، رضوان احمد، ابراراحمد اور ڈاکٹر یعقوب اشرفی کے ذریعہ حوصلہ افزائی ، تقریب سے بھی پُرمغز خطاب
پٹنہ (پریس ریلیز):میٹ اسکالرشپ کے لیے منعقدہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 7ذہین اور ہونہار طلبا و طالبات کے درمیان میٹ اسکالر شپ کی رقم تقسیم کی گئی۔جولائی تا ستمبر 2025کی مدت کے لیے ایسٹ زون (بہار اور جھارکھنڈ) میں میٹ اسکالرشپ کے لیے منتخب 7 طلبا وطالبات کو 9-9ہزار روپے نقد رقم کے چیک سنیچر کو دیپ گنگا کمپلیکس اشوک راج پتھ پٹنہ میں واقع تعلیمی ادارہ آکسفیم کوچنگ سنٹر میں منعقد ایک خصوصی تقریب کے دوران دیے گئے۔تقریب کی صدارت آکسفیم کوچنگ سنٹر کے ڈائرکٹر اور این آئی ٹی پٹنہ کے استاذ ڈاکٹر یعقوب اشرفی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں شریک ہوئے۔مہمانان اعزازی کے طور پر میڈزی کے ڈائرکٹر محمد رضوان احمد،معروف دانشور ابرار احمد اور سویدھا گرلس ہاسٹل کے بانی و انچارج ذہین الدین حیدر تقریب میں شریک ہوئے۔ ان سبھی مہمانان کے ہاتھوں جن 7ذہین طلبا و طالبات کے درمیان میٹ اسکالرشپ کی رقم تقسیم کی گئی ان میں ایم بی بی ایس کی طالبہ عصفیہ عالم، ایم بی بی ایس کے ہی طالب علم محمد رستم علی،غلام وارث اورمحمد اسحق،سی ایس ای پٹنہ کی طالبہ ثانیہ، ایم بی بی ایس ہزاری باغ کے طالب علم اخترجمیل، نرسنگ کی طالبہ صاحبہ پروین شامل ہیں۔ان مہمانان نے تمام ساتوں ذہین طلبا و طالبات کو نیک دعائوں سے نوازتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔اردو کونسل ہند کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر اسلم جاوداں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سخت جدوجہد کرکے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے اور میٹ اسکالرشپ کے لیے منتخب ہوچکے سبھی طلبا و طالبات قابل مبارک باد ہیں کہ انہوں نے واقعی ایک اچھی کامیابی حاصل کی ہے جو ان کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد بن سکتی ہے لیکن انہیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ یہ کامیابی ان کی منزل نہیں ہے بلکہ منزل تک پہنچنے کے راستے ہیں۔ اصل منزل ابھی بہت دور ہے جہاں پہنچنے کے لیے صحیح سمت میں جہد مسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم کے حصول کا اصل و بنیادی مقصد تبھی پورا ہوگا جب اخلاقی اقدار کی پاسداری کی جاتی رہے اور تمام علوم و فنون حاصل کرنے کے ساتھ ہی اپنی مادری زبان اردو سے مضبوط تعلق ہمیشہ برقرار رہے کیونکہ اردونہ صرف ہماری مادری زبان ہے بلکہ ہماری بنیادی شناخت بھی ہے اور تہذیب و تمدن کی علامت بھی ہے۔ اردو زبان میں ہمارا بیش قیمتی مذہبی سرمایہ موجود ہے۔ جس کے تحفظ و فروغ کے لیے ہمیں ہمیشہ بیدار و حساس اور سنجیدہ رہنا چاہیے۔ ڈاکٹر جاوداں نے کہا کہ میڈیکل اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبہ ٔ حیات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے دور جدید کے تقاضے کو پورا کرنا تو ضروری ہے ہی ساتھ ہی ساتھ ایک اچھا انسان بن کر پورے معاشرہ و ملک اور دنیا کے لیے بھی مفید ثابت ہونا ضروری ہے۔ کیونکہ دنیا میں وہی چیز باقی رہتی ہے جو اس کے لیے مفید ثابت ہو۔ سماج اور ملک بھی ایسی ہی چیزوں کی قدر کرتا ہے جو اس کے لیے مفیداور نفع بخش ہو۔ مسلمانوں کو نفع بخش قوم کی حیثیت اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر میڈزی کے ڈائرکٹر رضوان احمد نے کہا کہ میٹ اسکالرشپ میں کامیاب طلبا و طالبات اپنا،اپنے خاندان، محلہ، ریاست اور ملک کا نام روشن کریں اور ساتھ ہی ساتھ اپنی کردار سازی پر بھی خاص توجہ دیں کیونکہ کردار ہی کسی انسان کو ممتاز و منفرد بناتا ہے۔ آکسیفم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میٹ اسکالرشپ‘ کے لیے منتخب طلبا وطالبات واقعی بہت ذہین اور محنتی ہیں۔ ان کی قابلیت پر یقینا پورے معاشرے کو ناز ہوگا لیکن اصل منزل تک پہنچنے کے لیے اپنی پرواز کا سلسلہ دراز کیے رکھنے کی شدید ضرورت ہے۔

