تاثیر 30 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 30 ستمبر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما وجے ملہوترا کا آج صبح 94 سال کی عمر میں قومی دارالحکومت دہلی کے ایمس میں انتقال ہو گیا۔ ایمس نے ایک بیان جاری کرکے اس کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں لکھا، ’شری وجے کمار ملہوترا جی عوامی مسائل کی گہری سمجھ رکھنے والے ایک بہترین رہنما تھے۔ انھوں نے دہلی میں ہماری پارٹی کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، انھیں پارلیمانی معاملات میں مداخلت کے لیے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ میں ان کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ اوم شانتی‘۔
بی جے پی لیڈر ملہوترا گزشتہ 45 سالوں میں دہلی سے پانچ بار ایم پی اور دو بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ 2004 کے عام انتخابات میں، ملہوترا دہلی میں اپنی سیٹ جیتنے والے بی جے پی کے واحد امیدوار تھے۔ اپنے پورے سیاسی کیریئر کے دوران، ملہوترا نے ایک صاف اور بے داغ امیج کو برقرار رکھا۔ انہوں نے ہندی ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کے علاوہ وہ دہلی میں شطرنج اور تیر اندازی کے کلبوں کی انتظامیہ میں بھی شامل رہے۔ملہوترا 3 دسمبر 1931 کو لاہور (اب پاکستان )میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ چھوڑنے کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔ ملہوترا نے دہلی میں جن سنگھ کے دور میں آر ایس ایس کے نظریے کو پھیلانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا۔دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے کہا کہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی بی جے پی کے پہلے صدر پروفیسر وجے کمار ملہوترا کا آج صبح اچانک انتقال ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ملہوترا کی زندگی سادگی اور عوامی خدمت کی لگن کی مثال ہے۔ ہم سب کو ان کی زندگی سے تحریک حاصل کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر وجے کمار ملہوترا دہلی کے پہلے ترقی پسند آدمی تھے۔پٹیل نگر کو موتی نگر سے جوڑنے والا دہلی کا سب سے پہلا فلائی اوور کی تعمیر انہوں نے1970-75کے اپنے چیف ایگزیکٹو کونسلر کے مدت کار میں تعمیر کروایا تھا۔

