ترن تارن کی عدالت نے چھیڑ چھاڑ کے پرانے معاملے میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سمیت سات لوگوں کو قصوروار ٹھہرایا

تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 10 ستمبر: ترن تارن، پنجاب کی ضلعی عدالت نے ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ خانی اور مار پیٹ کے تقریباً دس سال پرانے معاملے میں بدھ کو کھڈور صاحب سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے منجندر سنگھ لال پورہ سمیت سات افراد کو مجرم قرار دیا۔ تمام ساتوں ملزمین کو 12 ستمبر کو سزا سنائی جائے گی۔پولیس نے ان تمام کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔
گاؤں اسماںکی رہنے والی ہربندر کور اپنے والد کشمیر سنگھ اور اہل خانہ کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں حصہ لینے 4 ستمبر 2013 کو گئی تھی، اس وقت موجودہ ایم ایل اے لال پورہ ٹیکسی ڈرائیور کے طور پر وہاں موجود تھے۔ انہوںنے اپنے دیگر ٹیکسی ڈرائیوروں کے ساتھ مل کر ہربندر کور کے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی۔ لڑکی کے گھر والوں نے احتجاج کیا تو انہیں مارا پیٹا گیا۔ الزام ہے کہ موقع پر پہنچی پولیس نے مبینہ طور پر لڑکی کی پٹائی بھی کی جس کے بعد اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔
سپریم کورٹ نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ یہ معاملہ سڑک سے پارلیمنٹ تک گونجا۔