تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
اورنگ آباد، 27 ستمبر:اورنگ آباد ضلع کے پٹھین تعلقہ میں بارش سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے خلاف کسانوں نے شیتکری کامگار پکش کی قیادت میں احتجاج کیا۔ داولواڑی-نندر پھاٹا کے مقام پر پٹھین-پاچوڈ روڈ کو بند کر کے مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور فوری مالی مدد کا مطالبہ کیا۔بارش کے نتیجے میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور کسان شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر کسان کو کم از کم فی ہیکٹر پچاس ہزار روپے معاوضہ دیا جائے تاکہ نقصان کی تلافی ہو سکے۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کئی گھنٹوں تک جام رہی۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کلیان کالے نے احتجاجی مقام کا دورہ کیا اور کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی جدوجہد میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے مطالبات کو ایوان میں اٹھائیں گے۔

