تاثیر 4 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 ستمبر:یومِ اساتذہ کی مناسبت سے آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں ’ملک کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا کردار‘ کے موضوع پر خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت پروفیسر اخترالواسع (پروفیسر ایمریٹس، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے کی، جبکہ خصوصی لیکچر پروفیسر جسیم احمد(اعزازی ڈائرکٹر، اے پی ڈی یو ایم ٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے دیا۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے سماج میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے یومِ اساتذہ کے پس منظر اور سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر رادھا کرشنن کی زندگی کے ایک اہم واقعے پر روشنی ڈالتے ہوئے اساتذہ کی تعظیم و تکریم پر زور دیا اور کہا کہ اساتذہ کی اصل قدر یہ ہے کہ ان کی تعلیمات اور پیغام کو عملی زندگی میں اتارا جائے۔ یہی اساتذہ کے تئیں حقیقی خراجِ تحسین ہے۔

