تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مشرقی چمپارن، 11 ستمبر:بہار کے مشرقی چمپارن ضلع میں کنڈو چین پور بہار-نیپال سرحد پر تعینات سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے اہلکاروں نے نیپال میں تشدد اور جیل بریک کے واقعے کے بعد فرار ہونے والے پانچ قیدیوں کو پکڑ لیا ہے۔
پکڑے گئے تمام قیدی نیپال کے رہائشی ہیں۔ تمام قیدی نیپال کے روہٹ ضلع کی گوڑ جیل سے فرار ہو کر ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایس ایس بی کی 20ویں بٹالین کے کمانڈنٹ گریش چندر پانڈے نے کہا کہ تمام مفرور قیدیوں کو مہولیا سرحد کے قریب تفتیش کے دوران پکڑا گیا ہے۔
گرفتار کیے گئے قیدیوں کی شناخت وشوناتھ یادو، روی یادو، راہل رائے یادو ساکن روتاہٹ ضلع کے گوڑ گڑھوا وارڈ نمبر 5، سورج رائے چندرانیگا پور اور رام ونود پرساد ساکن گڑوا کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام گرفتار نیپالی قیدیوں کو مزید کارروائی کے لیے کنڈو چین پور تھانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

