تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دیوبند:10/ستمبر(فیروز خان)
گزشتہ رات گاؤں ننھیڈا کلاں میں چوروں نے ایک گھر میں گھس کر 52 ہزار روپے کی نقدی سمیت گھر میں رکھے لاکھوں روپے کے سونے چاندی کے زیورات چوری کر لیے۔ صبح پولیس نے متاثرہ مکان مالک کی شکایت کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ گاؤں ننھیڈا کلا ں کے رہنے والے لکھن ولد راجندر سنگھ نے تھانے میں شکایت د رج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے بعد گھر کے ایک کمرے میں جاکر سو گیاتھا۔دیر رات نامعلوم چور دوسرے دروازے سے گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں رکھی سیف سے تقریباً 52 ہزار روپے کی نقدی،ایک اوپو کمپنی کا موبائل اور گھر میں رکھا زیورات کا ایک ڈبا چوری کرکے لے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبے میں سونے کی دو انگوٹھیاں، ایک منگل سوتر، چاندی کی پازیب کا ایک جوڑا اور جھمکے وغیرہ تھے۔شکایت میں بتایا گیا ہے کہ صبح نیند کھلنے پرواقعہ کا علم ہوا۔ پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ چوری کے واقعہ کا بہت جلد خلاصہ کر دیا جائے گا۔

