تاثیر 18 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
موتیہاری، 18 ستمبر: گذشتہ ماہ پرشانت کشور نے بی جے پی کو بڑا جھٹکا دیاتھا۔ بی جے پی کے سابق ریاستی جنرل سکریٹری سدھیر شرما، مہیلا مورچہ (خاتون مورچہ) کی سابق نائب صدر ونیتا مشرا اور سمستی پور کی رہنے والی نوجوان کاروباری چیتنا جھاب سمیت سینکڑوں کارکن جن سوراج میں شامل ہوگئے۔ بی جے پی کے بعد اب پی کے نے جے ڈی یو کو بھی جھٹکا دیا ہے۔ انہوں نے سابق ایم ایل اے مینا دویدی کو اپنی پارٹی میں شامل کر لیا ہے۔بدھ کے روز مشرقی چمپارن ضلع کے گووند گنج اسمبلی حلقہ سے تین بار ایم ایل اے رہنے والی مینا دویدی نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ جن سوراج پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے جن سوراج کے بانی پرشانت کشور کے ساتھ جے ڈی یو کے کئی ضلع اور بلاک سطح کے عہدیداروں، کارکنوں اور اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ ملاقات کی اور پارٹی کو اپنی حمایت کا وعدہ کیا۔
پرشانت کشور نے جن سوراج میں سب کو شامل کیا اور ان کا استقبال کیا۔ گووند گنج اسمبلی حلقہ سے سابق ایم ایل اے مینا دویدی نے حال ہی میں جے ڈی یو کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے مسلسل نظر انداز ہونے اور اپنے حامیوں کو نظرانداز کئے جانے سے غصے میں یہ قدم اٹھایا۔

