تاثیر 13 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام): شام تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے کئی دنوں سے جاری شدید گرمی اور نمی سے نجات دلائی۔ تاہم بارش کے باعث شہر کے کئی علاقے اور بستیاں زیر آب آگئیں جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں پانی بھر جانے سے سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کے لیے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ بارش کی وجہ سے دربھنگہ ٹاور چوک کئی گھنٹوں تک پانی میں ڈوبا رہا۔ میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے سامنے سے گزرنے والی سڑک پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اپنا راستہ تبدیل کرنا پڑا۔ سکما پل، خان چوک، سویٹ ہوم،خان چوک، اردو وغیرہ مقامات پر مین روڈ پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔پانی بھر جانے کی وجہ سے مدار پور، لکشمی ساگر، بنگالی ٹولہ، بلبھدر پور، فیض اللہ خان وغیرہ علاقوں میں صورتحال خراب ہوگئی۔ دھرم پور اور کبیر چک محلہ میں سڑک پر پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو صدر بلاک آفس تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گاندھی نگر وغیرہ علاقوں میں سڑک پر پانی جمع ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ شیوداھرا سے مبھی تک مین روڈ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کا گزرنا مشکل ہو گیا ہے۔ اسی طرح قادر آباد ناکہ نمبر 2 سے بنگل گڑھ تک سڑک پر کیچڑ اور پانی پھیل گیا ہے۔ قادر آباد سے ڈبلیو آئی ٹی تک سڑک پر دو سے تین فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کو وہاں سے گزرنے میں کافی دشواری کا سامنا ہے۔ میونسپل کمشنر راکیش گپتا نے کہا کہ بارش سے قبل تیاریوں کے لیے بڑے اور چھوٹے نالوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔ کئی مقامات سے پانی بھرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ شہر میں سٹارم واٹر ڈرینج کے تحت ڈرین کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ ہے۔

