تائیوان میں سمندری طوفان راگاسا نے تباہی مچائی، 14 افراد ہلاک

تاثیر 24 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تائی پے، 24 ستمبر:تائیوان میں طوفان راگاسا نے تباہی مچا دی ہے۔ طوفان کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ بڑی تعداد لاپتہ ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر اعظم چو جنگ تائی نے کسی بھی انسانی غلطی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ہوالین کاؤنٹی کی گوانگفو ٹاؤن شپ میں ایک بیریئر جھیل میں طوفان راگاسا کے سیلاب کے بعد کم از کم 14 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ مقامی فائر بریگیڈ حکام کے مطابق سونامی کی طرح کا سیلاب ایک پل کو بہا لے گیا جس سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ گوانگ فو ٹاؤن شپ میں سینکڑوں گھر زیر آب آ گئے۔
حکام کے مطابق سیلاب کے باعث 18 افراد زخمی اور 124 سے زائد لاپتہ ہیں۔ علاقے میں 300 کے قریب افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقے میں راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ جزیرے سے 8000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ چھتوں پر امدادی ٹیموں کا انتظار کر رہے ہیں۔