تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بریلی، 16 ستمبر: وقف ترمیمی بل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ بدعنوانی کا اڈہ بن چکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ کو فوری طور پر تحلیل کر دیا جائے۔مولانا نے کہا کہ حکومت ہند اور عرضی گزاروں کے دلائل کو مدنظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے بل پر متوازن اور بہترین فیصلہ دیا ہے، جس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ لیکن یوپی وقف بورڈ کے کام کرنے کے انداز پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ چھوٹی سی مسجد، قبرستان یا درگاہ کی کمیٹی بنانے کے لیے بھی لوگوں کو برسوں تک بورڈ کے چکر لگانے پڑتے ہیں اور رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا ہے۔

