وانواتو کی کپتان ریچل اینڈریو نے ٹی ٹوئنٹی میں تاریخ رقم کر دی

تاثیر 9 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 ستمبر: وانواتو کی کپتان ریچل اینڈریو نے ٹی20 انٹرنیشنل میں یادگار کارکردگی کے ساتھ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 گلوبل کوالیفائر میں جگہ بنانے کی جنگ میں اینڈریو نے انڈونیشیا کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کی اور 85 رنوں کی ناقابل شکست اننگز بھی کھیلی۔ اس تاریخی کارکردگی کے ساتھ وہ ریکارڈ بک میں داخل ہوگئیں۔27 سالہ اینڈریو ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے والی وانواتو کی واحد دوسری خاتون کھلاڑی بن گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس فارمیٹ میں نصف سنچری کا منفرد ڈبل اور ہیٹ ٹرک کرنے والی دوسری کھلاڑی بھی ہیں۔ اس سے قبل ان کی ساتھی سلینا سولومن نے رواں سال فرانس کے خلاف ناقابل شکست 56 رن بنائے تھے اور 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔فجی میں کھیلے جارہے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر کے پہلے میچ میں وانواتو نے اینڈریو کی بلے بازی کے بل بوتے پر 131 رن بنائے۔ جواب میں انڈونیشیا نے ماریا کوروزن اور دیسی ولندری کے درمیان 55 رنوں کی شراکت کے ساتھ اچھی شروعات کی، لیکن اینڈریو (3/10) اور نسیمانا ناوائیکا (3/27) کی مہلک بولنگ نے میچ کا رخ موڑ دیا۔