تاثیر 15 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
چوراچاند پور (منی پور)، 15 ستمبر: منی پور کے چورا چاند پور ضلع میں 14 ستمبر کی رات کو ایک بار پھر تشدد پھوٹ پڑا۔ نامعلوم شرپسندوں نے کْوکی- زو لیڈروں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا۔
حملے کے دوران کوکی نیشنل آرگنائزیشن (کے این او) کے ایکسٹرنل سکریٹری کیلون کا گھر مکمل طور پر آگ کی زد میں آگیا۔ معاہدے سے وابستہ ایک اور رہنما کا گھر بھی اسی رات جلا دیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب 12 ستمبر کو سرکاری املاک کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے کے الزام میں دو افراد کی گرفتاری پر ضلع میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ یہ واقعہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ریاست کے مجوزہ دورے سے عین قبل پیش آیا۔
شرپسندوں نے کوکی -زو کوآرڈینیشن کمیٹی (کے زیڈ سی) اور انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم (آئی ٹی ایل ایف) کے ترجمان گینجا ووالجونگ کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا، تاہم، مقامی لوگوں اور نوجوانوں کی بروقت مدد کی وجہ سے آتش زنی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

