تاثیر 25 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 25 ستمبر: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ سودیشی کی طاقت کی وجہ سے ہی ہماری ثقافت ہزاروں سالوں سے اپنے فخر، وقار اور خوشحالی کے ساتھ زندہ ہے۔ ہم نے سودیشی اور آتم نربھرتا (خود انحصاری) کی طاقت سے ہر دور اور ہر زمانے کے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے۔مہاتما گاندھی نے سودیشی کے دم پر ہی ملک کو آزادی دلائی تھی۔ انہوں نے لوگوں کو غیر ملکی اشیاء ترک کرنے اور غیر ملکی کپڑے جلانے کی ترغیب دی۔ ہم سب کو اپنی مٹی، اپنے ملک اور سودیشی نظام کا احترام کرنا چاہیے۔ مہاتما گاندھی اور پنڈت دین دیال اپادھیائے کے خیالات بہت ملتے جلتے تھے۔ دونوں ہندوستانی ثقافت کے طویل فکری عمل کے علمبردار ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ آتم نربھرتا اور سودیشی کے بیج سے ہی آتم نربھرتا کا برگد کا درخت بنے گا اور ہندوستان کو دنیا میں ایک بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر قائم کریں گے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو پنڈت دین دیال اپادھیائے کے یوم پیدائش کے موقع پر مدھیہ پردیش جن ابھیان پریشد اور سودیشی جاگرن منچ کے مشترکہ زیر اہتمام منعقدہ ریاستی سطح کے سودیشی جاگرن ہفتہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ راجدھانی بھوپال واقع رویندر بھون میں منعقدہ پروگرام کا وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مبارکبادی نعروں کے درمیان شمع روشن کرکے افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدر انڈیا، مہاتما گاندھی اور پنڈت دین دیال اپادھیائے کی تصویروں پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر گایتری پریوار، برہما کماری، پتنجلی گروپ اور مختلف سماجی تنظیموں نے سودیشی کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو سودیشی حمایتی عہد نامے پیش کئے۔ تقریب میں سودیشی پر فوکس کرنے والی ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مانس بھون سے پیدل مارچ کرتے ہوئے سودیشی جاگرن ہفتہ کے افتتاح کے موقع پر نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے ذریعے صنعت کاروں، تاجروں، دکانداروں، طلبہ اور پوری سوسائٹی کے ارکان کو سودیشی کو اپنانے کی ترغیب دی گئی۔ سودیشی پر مرکوز نعروں کے ذریعے عوامی بیداری پیدا کرتے ہوئے ریلی رویندر بھون پہنچی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست بھر میں سودیشی جاگرن ہفتہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دیسی اشیاء کی تشہیر کرنا ہے۔ یہ میگا مہم 25 ستمبر، پنڈت دین دیال اپادھیائے کے یوم پیدائش سے لے کر 2 اکتوبر، مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش تک، ریاست کے 313 ترقیاتی بلاکس میں چلائی جائے گی۔

