اسرائیل کو مغربی کنارہ ضم کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دوں گا : ٹرمپ

تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،26ستمبر:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کہنا تھا کہ غزہ کی صورتِ حال پر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی ہے۔ٹرمپ نے جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’میں اسرائیل کو مغربی کنارے کو ضم کرنے کی اجازت نہیں دوں گا‘۔ انھوں نے اس تجویز کو ایسے وقت میں سختی سے مسترد کیا جب اسرائیلی حکومت کے کچھ ارکان اس امکان کو دو ریاستی حل کی راہ روکنے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔انھوں نے مزید کہا “آج میری نیتن یاہو سے بات ہوئی، اور میں نے مشرقِ وسطیٰ کے تمام رہنماؤں سے بھی گفتگو کی ہے۔ ہم غزہ کے حوالے سے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، اور شاید یہ امن کی طرف بھی پیش رفت ہو۔واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی ایلچی اسٹیو وِٹکوف نے انکشاف کیا کہ واشنگٹن نے اس ہفتے اقوامِ متحدہ کے اجلاسوں کے دوران مشرقِ وسطیٰ کے لیے 21 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند دنوں میں غزہ کے حوالے سے پیش رفت ممکن ہو گی۔