ہندوستانی مردوں کی کمپاؤنڈ تیر اندازی ٹیم نے تاریخ رقم کی، عالمی چمپئن شپ میں پہلی بار گولڈ میڈل جیتا

تاثیر 7 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،07ستمبر:ہندوستانی مردوں کی کمپاؤنڈ تیر اندازی ٹیم نے تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اتوار کو عالمی چمپئن شپ میں فرانس کو شکست دے کر پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ رشبھ یادو، امن سینی اور پرتھمیش فوگے کی تینوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل میچ میں فرانس کو 235-233 کے فرق سے شکست دی۔ ہندوستان نے فائنل سے قبل آسٹریلیا، امریکہ اور ترکی پر بھی شاندار جیت درج کی تھی۔
اس سے قبل، جیوتی سریکھا وینم اور رشبھ یادو کی مخلوط ٹیم کی جوڑی کو فائنل میں نیدرلینڈ کے خلاف 155-157 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ لیکن 23 سالہ رشبھ نے پھر سینی اور پرتھمیش کے ساتھ مل کر مردوں کا کمپاؤنڈ ٹیم ٹائٹل جیتا۔ تیسرے سیٹ کے بعد اسکور 176-176 سے برابر رہا لیکن دوسری سیڈ والی ہندوستانی ٹیم نے فیصلہ کن راؤنڈ میں 59 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ فرانس صرف 57 پوائنٹس بناسکا۔ اس طرح ہندوستان نے تاریخی گولڈ میڈل جیت لیا۔