تاثیر 3 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کوئٹہ، 3 اکتوبر:پاکستانی فوج نے جمعہ کے روز یہاں دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سات بلوچ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔اخبار ڈان نے یہ خبر فوج کے میڈیا امور کے ونگ ’’انٹر سروسز پبلک ریلیشنز‘‘ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے دی۔فوج کے مطابق، یکم اکتوبر کو، سیکورٹی فورسز نے جنگجو گروپ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کی مبینہ موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد شیرانی میں آپریشن شروع کیا اور عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر موثر حملہ کیا۔ حملے کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ طور پر سات جنگجو مارے گئے۔ فوج نے اس گروپ پر بھارت کے ساتھ روابط کا الزام لگایا اور بلوچستان میں جاری تنازع کو بھارت کی سرپرستی قرار دیا۔ حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ عسکریت پسندوں کے لیے “فتنہ الخوارج” کی اصطلاح استعمال کرتی ہے۔بیان کے مطابق، “جنگجوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ وہ کئی ملک دشمن سرگرمیوں میں سرگرم رہے ہیں۔” علاقے میں چھپے دیگر عسکریت پسندوں کی شناخت کے لیے تلاشی آپریشن جاری ہے۔

