تاثیر 4 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مظفر نگر، 4 اکتوبر: اترپردیش کے مظفر نگر میں جمعہ کی دیر رات پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان ہوئی فائرنگ میں ایک لاکھ روپے کا انعامی بدمعاش مارا گیا۔ ایک پولیس انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوئے ہیں۔ بدمعاش کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
ایس پی رورل آدتیہ بنسل نے بتایا کہ بڑھانہ کوتوالی اور شاہ پور تھانہ کی پولیس جمعرات کی دیر رات پرسولی نہر پٹری پر چیکنگ کر رہی تھی۔ اس دوران نہر پٹری پر دو نوجوان موٹر سائیکل پر آتے نظر آئے۔ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو دونوں نوجوان اپنی بائک پر فرار ہونے لگے۔ پولیس نے ان کا پیچھا کیا اور جولا نہر پل کے قریب ایک پرانے بند بھٹے کے قریب بدمعاشوں کو گھیر لیا، جہاں انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس میں گڑھی سخاوت چوکی انچارج للت کاسانا اور شاہ پور تھانہ میں تعینات علیم زخمی ہو گئے۔

