تاثیر 3 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پربھنی ، 3 اکتوبر:۔ضلع پربھنی کے تعلقہ گنگا کھیڑ کے گاؤں کھالی میں ستمبر کے دوران شدید بارش اور دریائے گوڈا کے بپھرے سیلاب نے تباہی مچائی۔ پکی پلاٹ اور سوڈے پر پل ڈوبنے سے گاؤں بالکل الگ تھلگ ہو گیا۔ ایسے میں گنگا کھیڑ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے ارکان اور میڈیکل افسران نے مشکل حالات میں گاؤں پہنچ کر متاثرین کو علاج فراہم کیا۔
مہاتما گاندھی جینتی کے موقع پر کھالی میں خصوصی ہیلتھ کیمپ منعقد ہوا جسے ڈاکٹروں کی سماجی وابستگی کی بہترین مثال قرار دیا گیا۔ کیمپ میں صدر ڈاکٹر کے پی گارولے (ماہر امراض معدہ)، ڈاکٹر منیش بیانی (دانتوں کے ماہر)، ڈاکٹر شری ہری داپسے (ماہر اطفال)، ڈاکٹر فیروز شیخ (ماہر امراض جلد)، ڈاکٹر مہیش شندے (ماہر امراض نسواں)، ڈاکٹر امیت اوگلے (ماہر امراض کان، ناک و گلا) کے علاوہ ڈاکٹر کشور کگانے، ڈاکٹر بالاصاحب منکر، ڈاکٹر کلیم خان، ڈاکٹر رتیش وٹاموار، ڈاکٹر بھرت بھوسلے، ڈاکٹر گیانوبا ٹورنر اور ڈاکٹر انیل باروے شریک رہے۔

