تاثیر 7 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 7 اکتوبر: بہار اسمبلی انتخابات 2025کی تاریخوں کے اعلان کے بعد قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے اندر سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ نتیش کمار نے آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئرلیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی۔جے ڈی یو کے قومی ایگزیکٹو صدر سنجے جھا، آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، اشوک چودھری، وجیندر یادو، سنیل کمار اور پارٹی کے سینئرلیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں پارٹی رہنمائوں نے نشستوں کی تقسیم اور امیدواروں کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے ڈی یو کے قومی ایگزیکٹو صدر سنجے جھا نے کہا کہ این ڈی اے کے اندر سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ دو سے تین دن میں کیا جائے گا۔ کہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت زبردست اکثریت کے ساتھ دوبارہ قائم ہوگی۔ “ہم 2010 کے مقابلے اس بار اور بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔”
جے ڈی یو کے قومی کارگزار صدر سنجے جھا بھی اس سلسلے میں آج دہلی کا سفر کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کے ساتھ ان کی ملاقات اہم ہوگی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کو این ڈی اے کے حلقوں کی میٹنگ میں حتمی شکل دی جائے گی۔

