ایس ایس پی کٹھوعہ نے حساس علاقوں میں سرچ آپریشن کرنے کی ہدایت دی

تاثیر 24 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 24 اکتوبر:جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کی ایس ایس پی موہتا شرما نے ضلع کے حساس اور سرحدی علاقوں میں سیکورٹی نظام کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سرچ آپریشنز اور لانگ رینج گشت کو باقاعدگی سے جاری رکھیں تاکہ کسی بھی تخریبی سرگرمی کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔
ایس ایس پی نے بلاور، رام کوٹ، ننگالہ اور مچیڈی کے پہاڑی علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں انتہائی مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اوور گراؤنڈ ورکرز اور ان کے معاونین پر مسلسل نگرانی رکھی جائے اور حساس علاقوں میں سرچ آپریشن، گشت اور لانگ رینج آپریشنز کو تسلسل کے ساتھ انجام دیا جائے۔
موہتا شرما نے واضح کیا کہ کٹھوعہ پولیس ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور کسی بھی ملک دشمن عنصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔دورے کے دوران ایس ایس پی نے فوج، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں دراندازی کے خدشات، مشکوک نقل و حرکت، ملک دشمن عناصر کی موجودگی، دراندازی کے راستوں کی نگرانی، فورسز کی حکمتِ عملی کے مطابق تعیناتی، اور ایجنسیوں کے مابین بہتر ہم آہنگی جیسے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔