لبنان کی سیکیورٹی فورسز کو 23 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا امریکہ

تاثیر 3 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بیروت،03 اکتوبر:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس ہفتے لبنان کی سیکیورٹی فورسز کو 23 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ بات روئٹرز نیوز ایجنسی نے واشنگٹن اور بیروت میں اپنے ذرائع کے حوالے سے بتائی۔ یہ اقدام حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے سلسلے میں امریکی کوششوں کے طور پر سامنے آیا ہے۔ایک لبنانی ذریعے نے بتایا کہ اس رقم میں سے 19 کروڑ ڈالر لبنانی فوج کو اور 4 کروڑ ڈالر داخلی سیکیورٹی فورسز کو دیے جائیں گے۔امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹک معاونین نے کہا کہ اس امداد کی فراہمی 30 ستمبر کو امریکی مالی سال ختم ہونے سے قبل عمل میں آئی۔ ایک معاون جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے فون پر بات کی، اس نے بتایا کہ “لبنان جیسے چھوٹے ملک کے لیے یہ بہت اہم قدم ہے”۔یہ امداد ایسے وقت میں منظور کی گئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے کئی غیر ملکی امدادی پروگراموں میں کمی کی ہے۔ اس کی توجیہہ یہ دی گئی ہے کہ امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسے خرچ کرنے میں اس کی اولین ترجیح “امریکا فرسٹ” ہے۔ بظاہر اس امداد کی فراہمی ظاہر کرتی ہے کہ ٹرمپ مشرق وسطیٰ اور خاص طور پر غزہ کے تنازع کے حل کو ترجیح دے رہے ہیں۔