تاثیر 25 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 اکتوبر: دہلی حکومت کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے ہفتہ کو کشمیر گیٹ پر دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے دفتر کا دورہ کیا۔ انہوں نے دفتر کے کاموں اور فائلوں کا جائزہ لیا اور بعض مسائل اور تکنیکی خامیوں کو دیکھتے ہوئے فوری کارروائی اور اصلاح کی سخت ہدایات جاری کیں۔ وزیر سرسا نے ایک ایکس پوسٹ میں یہ معلومات شیئر کیں۔ سرسا نے تمام محکموں کو فیلڈ ورک میں تیزی لانے، کچرے کے انتظام کو مضبوط بنانے اور آلودگی پھیلانے والے یونٹس پر کڑی نگرانی رکھنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے آلودگی کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے اور جدید آلات کی تعیناتی بڑھانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے دیگر اداروں کے لیے احتساب کے قیام اور ان کے کام کا باقاعدہ جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔وزیر سرسا نے غیر رجسٹرڈ تعمیراتی مقامات اور آلودگی کے دیگر ذرائع کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکام کو آنے والے دنوں میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے تیاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں ہماری حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ دہلی کے لوگ آلودگی سے پاک ماحول میں سانس لے سکیں۔

