حزب اللہ کا اسرائیل کو سخت جواب دینے کا اعلان

تاثیر 29 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بیروت،29نومبر:حزب اللہ کے جنرل سیکرٹری نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو اپنے فوجی کمانڈر ہیثم طبطبائی اور ان کے چار ساتھیوں کے قتل کے بعد اسرائیل کو جواب دینے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔بیروت کے جنوبی مضافات میں اتوار کو اسرائیلی حملوں میں مارے گئے اپنے فوجی کمانڈر اور ان کے ساتھیوں کے لیے تعزیتی تقریب کے دوران نعیم قاسم نے سکرین کے ذریعے ایک تقریر میں کہا کہ “اسرائیلی دشمن اور اس کے ساتھ والے اسے جس طرح سمجھنا چاہیں سمجھ لیں۔ جو موقف میں نے شہید سید ابو علی اور ان کے بھائیوں کی شہادت کے جواب میں اعلان کیا ہے وہ یہ ہے کہ یہ ایک کھلی جارحیت اور سنگین جرم ہے۔ ہمیں جواب دینے کا حق ہے اور ہم وقت کا تعین کریں گے۔طباطبائی حزب اللہ کے سب سے اعلیٰ کمانڈر ہیں جو اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ قتل 27 نومبر 2024 کو اس جنگ بندی کے نفاذ کے بعد ہوا تھا جس نے ایک سال تک جاری رہنے والی جنگ کو ختم کیا تھا۔ اس جنگ سے حزب اللہ کمزور ہوگئی تھی کیونکہ اسرائیل نے اس کے اسلحہ خانے کا ایک بڑا حصہ تباہ کر دیا تھا اور اس کے متعدد سینئر رہنماؤں کو قتل کردیا تھا۔