رفح کی سرنگوں میں محصور 30 افراد مارے گئے: اسرائیلی فوج

تاثیر 29 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غزہ،29نومبر:اسرائیلی فوج نے آج جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ رفح کی سرنگوں میں محصور 30 افراد اب تک مارے جا چکے ہیں جن میں سے 9 مشرقی رفح میں جاں بحق ہوئے۔
جمعہ کو غزہ کی پٹی کے جنوب میں بنی سہیلہ قصبے پر اسرائیلی ڈرون طیارے کی بمباری میں ایک فلسطینی شہری جان سے گیا۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی (وفا) نے بتایا کہ ڈرون طیارے نے قصبے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہری کی موت واقع ہوگئی۔اس کے علاوہ اسرائیلی توپ خانے نے خان یونس کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
رفح پر فضائی حملے کیے گئے اور اسرائیلی جنگی کشتیوں نے شہر کے ساحل پر فائرنگ کی۔ اسرائیلی گاڑیوں نے پٹی کے وسط میں البریج کیمپ کے شمال مشرق میں فائرنگ کی۔ 11 اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے قتل کیے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد 352 اورزخمیوں کی تعداد 896 ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 605 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
رفح کی سرنگوں میں پھنسے حماس کے عسکریت پسندوں کی قسمت سے متعلق مذاکرات سے باخبر ذرائع نے تصدیق کی کہ اس بحران کے حل کے لیے بات چیت جاری ہے۔ حماس کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ اس بحران کو ختم کرنے کی کوشش میں ثالثوں (قطر، مصر اور ترکیے) اور امریکیوں کے ساتھ بات چیت اور رابطے جاری ہیں۔