ارریہ کے چھ اسمبلی حلقوں میں 66 سے 70 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

تاثیر 9 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) بہار اسمبلی انتخابات میں دوسرے مرحلےکے تحت سیمانچل کے ارریہ ضلع کے چھ اسمبلی حلقوں میں 64 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے اورپورے ضلع کے تمام چھ اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئی۔ ارریہ ضلع کے  انتخابی افسر شری انیل کمار کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت  ضلع کے تمام چھ اسمبلی حلقوں میں 64 اعشاریہ چار چھ فیصد ووٹ ڈالے گئے اور 67/ امیدواروں کی قسمت اب الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے اندر بند ہوگئی اور جن کی قسمت ای وی ایم میں بند ہوگئی، ان کی قسمت کا تالا دو دنوں کے بعد جمعہ کے دن کھلےگا۔ دیہی علاقوں میں رائے دہندگان نے ووٹ دینے کیلئے پورے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، مگر  بعض دیہی علاقوں میں پولیسیا دباؤ اور کچھ افسران کے حد سے زائد پاور دکھانے کے سبب مرد و خواتین نے ڈر اور خوف کے ماحول اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ ضلع انتظامیہ اور ضلع الیکشن آفیسر کم ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ صحیح ووٹرز ووٹنگ کے دن کو قومی تہوار کے مانند منائیں اور پورے جوش وخروش کا مظاہرہ کریں! مگر دیہی علاقوں میں خواتین ووٹرز ڈرے سہمے نظر آئے اور خوف ودہشت کے سائے میں ووٹ دے گر گھر لوٹے ارریہ کے تمام چھ اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کی فیصد یہ رہی:- ارریا اسمبلی حلقہ 66.30%، فاربس گنج اسمبلی حلقہ- 67.59%، جوکیہاٹ اسمبلی حلقہ- 69.20%، نرپت گنج اسمبلی حلقہ- 69.35%، رانی گنج  اسمبلی حلقہ- 64.45% اور ہند ونیپال کے سرحد پر واقع سکٹی اسمبلی حلقہ- 70.31%