کلکتہ، 19/ نومبر (تاثیر بیورو) مولا علی یوک کیندر میں انٹرنیشنل نیو اسٹار کی جانب سے ایک پُروقار ایوارڈ تقسیم تقریب اور ثقافتی فیسٹیول منعقد کیا گیا، جس میں مختلف شعبۂ ہنر و فن سے وابستہ نوجوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کی شان میں اضافہ کرنے کے لئے ٹالی وُوڈ فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ پاپیا ادھیکاری خصوصی طور پر موجود تھیں۔ اس کے علاوہ معروف فلم ڈائریکٹر بادل سرکار، ہدایت کار و ایڈیٹر سومین سین، سماجی کارکن بِپلب گھوش، ثقافتی شخصیت امرناتھ سین اور آدِیتی مکھرجی سمیت کئی معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
مہمانانِ خصوصی نے تنظیم کی اس کوشش کی ستائش کی کہ نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ثقافتی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں موسیقی، رقص اور مختلف فنکارانہ پیشکشوں نے حاضرین سے بے پناہ داد حاصل کی۔
تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں اور شریک فنکاروں کو شکریہ کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ تنظیم نے آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

