تاثیر 24 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گورنر ڈاکٹر بوس،’’واٹر مین آف انڈیا‘‘ راجندر سنگھ اور ممتاز ادیبہ پامیٹا ستپتی کی شرکت
کولکتہ، 24/ نومبر: انسٹی ٹیوٹ آف سوشَل اینڈ کلچرل اسٹڈیز (ISCS) اور مولانا ابو الکلام آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ایشین اسٹڈیز کے زیر اہتمام پورو وَدیا لٹریری فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ستیہ جیت رے آڈیٹوریم (ICCR) میں شان و شوکت کے ساتھ ہوا۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی مغربی بنگال کے گورنر ڈاکٹر سی وی آنندا بوس تھے، جبکہ ممتاز ماہرِ ماحولیات راجندر سنگھ (واٹر مین آف انڈیا) نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔
گورنر ڈاکٹر بوس نے اپنے خطاب میں ہندوستانی ادب کی ماحول دوست روایت، تخیل کی قوت اور سماجی و ثقافتی بیداری میں ادب کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ممتاز ادیبہ پامیٹا ستپتی کو سیکنڈ پورو وَدیا ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فیسٹیول میں ادبی مباحث، مشاعرہ، کوئز، فیشن شو، آرٹ مقابلے اور نُکّڑ ناٹک پیش کیے گئے۔ دو خصوصی نمائشیں، پورو وَدیا لِٹ پیکس (ادب پر ڈاک ٹکٹوں کی نمائش) اور رابندرناتھ ٹیگور کی انڈونیشیا اوڈیسی — شرکاء کی توجہ کا مرکز بنیں۔
ڈائریکٹر ISCS ارندم مکھرجی نے کہا کہ یہ فیسٹیول نوجوان ذہنوں میں تخلیقی و فکری جستجو کو بیدار کرتا ہے۔
پُرجوش شرکاء کی بڑی تعداد کے ساتھ افتتاحی دن نے فیسٹیول کے کامیاب اور بامعنی سلسلے کی نوید سنائی۔

