قومی پرندوں کی اسمگلنگ الزام میں 33 مور و دیگر پرندے کے ساتھ ایک اسمگلر کی ہوئی گرفتاری

تاثیر 23 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

            سہسرام ( انجم ایڈووکیٹ ) ریلوے پروٹیکشن فورس ڈہری نے قومی پرندے مور کے ساتھ دیگر نایاب پرندوں کی اسمگلنگ کے ایک بڑے معاملے کا پردہ فاش کیا ہے ۔ آج ٹرین نمبر 12312 ڈاؤن پر تلاشی مہم کے دوران آر پی ایف ٹیم نے ایک اسمگلر کو گرفتار کیا جس سے کل 40 زندہ پرندے برآمد ہوئے ہیں، ان میں 33 مور، 5 تیتر اور 2 سبز کبوتر شامل ہیں ۔ گرفتار اسمگلر 22 سالہ وکرم مکھرجی ہے جو مغربی بنگال مرشد آباد ضلع کنڈی تھانہ علاقہ کے گوپال پور گاؤں کا رہنے والا ہے ۔ معلوم ہو کہ آر پی ایف چوکی ڈہری آن سون کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ٹرین نمبر 12312 سے بڑی مقدار میں پرندوں کی اسمگلنگ کی جارہی ہے جس بنیاد پر آر پی ایف انسپکٹر رام ولاس رام کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس میں سب انسپکٹر کمار گورو، اے ایس آئی ہرےرام کمار، ہیڈ کانسٹیبل برج بھوشن مشرا، ہیڈ کانسٹیبل سنتوش پاسوان، کانسٹیبل ابھیمنیو سنگھ، کانسٹیبل انگد تیواری، اور کانسٹیبل سروودیا پاسوان شامل تھے، سبھی نے ڈہری اسٹیشن پر ٹرین کے پہنچنے پر پلیٹ فارم نمبر چار پر چیکنگ آپریشن کیا، تلاشی کے دوران کوچ S-7 کے ٹوائلٹ میں مشکوک حالت میں پائے جانے والے ایک نوجوان کے پاس سے پلاسٹک کے تین بڑے تھیلوں میں بڑی تعداد میں زندہ پرندے ملے جسکے بعد آر پی ایف نے ملزم کو حراست میں لے لیا اور وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی مکمل کرتے ہوئے تمام زندہ پرندوں کو محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا ساتھ ہی مزید تفتیش میں بھی مصروف ہو گئے ۔