خراب سڑکیں اور ناقص پبلک ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر دہلی میں آلودگی کی بنیادی وجوہات ہیں: سندیپ دکشت

تاثیر 29 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 نومبر: دہلی میں آلودگی خطرناک سطح پر پہنچنے پر کانگریس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ کانگریس لیڈر سندیپ دکشت نے کہا کہ دہلی میں آلودگی کی سب سے بڑی وجہ دیوالی کے موقع پر پرالی جلانا یا پٹاخے جلانا نہیں ہے، بلکہ خراب سڑکیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا ناقص ڈھانچہ ہے۔
دکشت نے ہفتہ کو کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں آلودگی سال بھر برقرار رہتی ہے، لیکن نومبر اور دسمبر میں سردی اور دھند کے حالات آلودہ ذرات کو زمین کے قریب لاتے ہیں، جس سے ہوا کا معیار مزید خراب ہوتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومتیں اصل وجوہات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کی آلودگی میں گاڑیاں 30 سے 45 فیصد حصہ ڈالتی ہیں، جب کہ گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کوبی ایس-3 سے بی ایس-6 میں اپ گریڈ کرنے کے بعد اخراج میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس کے باوجود ہوا کا معیار مسلسل خراب ہوتا جا رہا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ دہلی کی سڑکوں کی خراب حالت ہے، جو دن میں گاڑیوں کی اوسط رفتار 20-25 کلومیٹر فی گھنٹہ اور شام کے وقت 10-15 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کم کر دیتی ہے، جس سے آلودگی میں ڈھائی گنا اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں سڑکیں بہتر تھیں، اور گاڑیوں کی اوسط رفتار 35-50 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جس نے آلودگی کو کنٹرول میں رکھا۔