تاثیر 13 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 13 نومبر: بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے ووٹوں کی گنتی کو لیکر راجدھانی پٹنہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پٹنہ ضلع کے تمام 14 اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی 14 نومبرکو اے این کالج احاطہ میں کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے اس دوران سیکورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ اور ضلع الیکشن افسرنے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے تجویز کردہ مثالی ضابطہ اخلاق 16 نومبر تک نافذ رہے گا۔ اس مدت کے دوران کسی بھی سیاسی سرگرمی یا خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعہ 163 کے تحت گنتی کی تاریخ سے ضابطہ اخلاق کے اختتام تک امتناعی حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت ضلع میں کسی بھی سیاسی جماعت، فرد یا تنظیم کی طرف سے کسی بھی قسم کے جلوس، جلسے، دھرنے، مظاہرے یا فتح کے جلسے پر مکمل پابندی ہوگی۔ لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

