ارریہ کےتمام چھ اسمبلی حلقوں کی ووٹ شماری مارکیٹنگ یاڈ میں ہوگی آج، پیشگی تیاریاں جاری

تاثیر 13 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :-  ( مشتاق احمد صدیقی ) بہار اسمبلی کے عام انتخابات2025 کے تحت ارریہ ضلع کے تمام چھ اسمبلی حلقوں میں 46نرپت  گنج، 47 فاربس گنج، 48 رانی گنج ( ریزرو سیٹ)، 49 ارریہ، 50 جوکی ہاٹ اور 51 سکٹی کے ووٹوں کی گنتی آج صبح آٹھ بجے سے زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی( مارکیٹنگ یاڈ / بازار اتپادن سمیتی ) ارریہ میں شروع  ہو جائےگی، جس کے لئےتمام ضروری پیشگی تیاریوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں گزشتہ کل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر-کم-ڈسٹرکٹ  مجسٹریٹ ارریہ شری انیل کمار اور پولس سپرنٹنڈنٹ شری انجنی کمار کی ضلع کے تمام افسران کی ساتھ مارکیٹنگ یاڈ میں ایک بریفنگ میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں ضلع الیکشن آفیسر کم ضلع مجسٹریٹ ارریہ شری انیل کمار اور پولس سپرنٹنڈنٹ شری انجنی کمار نےاسٹرانگ روم اور اس سے متعلقہ تمام سیکورٹی و انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دونوں افسران نے مارکیٹنگ یاڈ ارریہ کے احاطے میں واقع اسٹرانگ روم کمپلیکس کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران انہوں نے اسٹرانگ روم کے اطراف نصب سیکورٹی حصار، سی سی ٹی وی کیمرے، باؤنڈری ایریا میں تعینات پولس دستوں کی حالت، داخلی دروازے پر نصب بیریکیڈنگ اور چیکنگ انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلع انتخابی افسر نے آج مورخہ 14 نومبر 2025 کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے دن کے لئے تمام ابتدائی تیاریوں کا جائزہ لیا اور موجود عہدیداران کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے بیریکیڈنگ، پینڈال کی تیاری اور دیگر انتظامی امور سے متعلق ایجنسیوں کے نمائندوں کو بھی ہدایت دی کہ تمام انتظامات بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق بہر صورت مکمل کر لینے کو یقینی بنائیں۔ ضلع الیکشن آفیسر نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر 2025 کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی اور یہ عمل مکمل ہونے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے آپ نے ہدایت دی کہ رانی گنج بس اسٹینڈ سے مغرب کی جانب نہر کے پل کے مغربی کنارے پر اور زرعی پیداوار مارکیٹنگ یاڈ کے مرکزی دروازے سے مغرب کی جانب ٹیلی فون ایکسچینج کے سامنے ایک ایک بیریر قائم کیا جائے، نیز ان دونوں بیریرز کے درمیان سڑک کے دونوں کناروں پر بیریکیڈنگ کی جائے تاکہ آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔واضح رہے کہ مارکیٹنگ یاڈ ، ارریہ میں مختلف اسمبلی حلقوں کی پولڈ ای وی ایم مشینوں کو اسٹرانگ روم میں ڈبل لاک سسٹم کے تحت سیل بند کر کے محفوظ رکھا گیا ہے۔ ان اسٹرانگ رومز کی حفاظت کے لئے کثیر سطح پر سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ گنتی کے دن یعنی 14 نومبر کو ان اسٹرانگ رومز کو امیدواروں، ان کے ایجنٹوں اور مرکزی مبصرین ( اوبزرورز کی موجودگی میں ویڈیوگرافی کے ساتھ کھولا جائے گا اور اس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔