سی کے برلا اسپتال میں مشرقی بھارت کا پہلا نجی بون بینک قائم

تاثیر 29 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 29/ نومبر (تاثیر بیورو) سی کے برلا اسپتال (سی ایم آر آئی) نے مشرقی بھارت کے پہلے نجی بون بینک کا افتتاح کیا، جو جدید معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ یہ مرکز آرتھوپیڈک، ٹراما، آنکولوجی اور ری کنسٹرکٹیو سرجری میں محفوظ اور معیاری بون الاگرافٹس کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
اس بون بینک میں عطیہ دہندگان کی سخت اسکریننگ، مائیکرو بایولوجیکل ٹیسٹنگ، معیاری اسٹیریلائزیشن اور مکمل ٹریس ایبلٹی کے مراحل شامل ہیں۔ اس سہولت سے سرجنوں کو مختلف اقسام کے اسٹرکچرل، کارٹیکو کینسلس، مور سلائزڈ اور کینسلس چِپس جیسے تیار شدہ گرافٹس دستیاب ہوں گے، جس سے پیچیدہ فریکچر، نان یونین، ٹیومر ریسیکشن، اسپائنل فیوژن اور ڈیفارمیٹی سرجری میں علاج کے اختیارات بڑھ جائیں گے۔
اس معاملے میں آرتھوپیڈک کے سربراہ ڈاکٹر راکیش راجپوت نے کہا کہ بون بینک کے ذریعے محفوظ گرافٹس کی فوری دستیابی سرجری کا وقت کم کرتی ہے، مریض کو اضافی تکلیف سے بچاتی ہے اور نتائج بہتر بناتی ہے۔ اسپتال کے یونٹ ہیڈ سمبرتا رائے نے اس اقدام کو خطے میں معیاری اور منظم ٹشو بینکنگ کی طرف اہم قدم قرار دیا۔ تقریب میں مغربی بنگال کے سینئر حکام بشمول این ایس نگم، فریدہ حکیم، ڈاکٹر سواپن سارین اور پروفیسر ڈاکٹر اندر جیت سہہ نے شرکت کی اور اس اقدام کو صحت کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے اہم پیش رفت بتایا گیا۔ بون بینک تحقیق، تربیت اور میڈیکل ایجوکیشن کو بھی فروغ دے گا، اور مستقبل میں مشرقی بھارت کے لیے ایک اہم ریجنل سینٹر ثابت ہوگا۔