یورپی یونین کاغزہ کیلئے 3000 پولیس افسروں کی تربیت کرنے کا اعلان

تاثیر 15 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

برسلز،15نومبر:یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اگلے ہفتے میں غزہ کے لیے پولیس افسروں کی تربیت کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے جا رہے ہیں کہ غزہ میں عبوری انتظامیہ کی معاونت کے لیے 3000 ایسے پولیس افسروں کو تربیت دی جائے جو غزہ میں امن و امان قائم رکھنے کا فریضہ انجام دے سکیں۔یہ بات مغربی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے یورپی یونین کی ایک دستاویز میں دیکھی ہے۔یورپی یونین کی اس دستاویز کو 20 نومبر کو ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس سے پہلے ایک بنیادی آؤٹ لائن کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیس نکاتی امن منصوبے پر پوری طرح عمل کرنے کے لیے یورپی تربیت یافتہ پولیس کی دستیابی ممکن بنائی جائے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے بیس نکاتی امن منصوبے پر اسرائیل و حماس نے ماہ اکتوبر میں اتفاق کیا تھا اور 10 اکتوبر سے غزہ میں جنگ بندی شروع ہو چکی ہے۔ تاہم ابھی جنگ بندی معاہدے کی روح کے مطابق عملدرآمد کا بڑا حصہ باقی ہے۔یورپی یونین کی ایکسٹرنل ایکشن سروس غزہ اور اس سے جڑے علاقے میں اپنے سویلین مشنز کو بھی وسعت دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاکہ فلسطینی اتھارٹی کو پولیس اور عدالتی شعبے کی اصلاحات کے لیے تربیت اور سہولت دی جائے۔اندازہ ہے کہ یورپی یونین کا غزہ کے لیے یہ پولیس سپورٹ مشن تقریباً 3000 فلسطینیوں کو بطور پولیس افسر تربیت دے گا اور یہ پولیس افسر فلسطینی اتھارٹی سے تنخواہ پائیں گے جبکہ غزہ میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔