نوئیڈا میں فرضی را افسر گرفتار

تاثیر 19 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نوئیڈا، 19 نومبر: اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے آج علی الصبح ایک فرضی را افسر کو گرفتار کیا ہے۔ یہ کبھی خود کو را افسر تو کبھی آرمی کا میجر بتا کر رہتا تھا۔ اس نے خود کو را افسر بتا کر ایک خاتون جج سے شادی کی ہے۔ بیوی بہار کے چھپرا میں تعینات ہیں۔ ملزم نے ایک کمپنی بنا کر اس میں جعلی طریقے سے ہیوی ٹرانزیکشن کرکے کمپنی کی وقعت بڑھا کر اسے شیئر مارکیٹ میں جاری کرکے لوگوں کو ٹھگنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ کمپنی سے متعلق دستاویز بھی ایس ٹی ایف نے برآمد کیے ہیں۔ اس کے پاس سے بڑی مقدار میں جعلی آئی ڈی، چیک بک، جعلی پولیس ویریفیکیشن لیٹر، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ، پین کارڈ، آدھار کارڈ، ووٹر آئی کارڈ وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔ ایس ٹی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کے سینئر افسران اس سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ اس کے ٹیب میں دہلی بلاسٹ سے متعلق ویڈیو بھی اپ لوڈ ہے۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس ٹی ایف (نوئیڈا یونٹ) راج کمار مشرا نے بتایا کہ گزشتہ رات سب انسپکٹر اکشے پرم ویر کمار تیاگی اور ان کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ ایک شخص جو کبھی خود کو میجر امت اور کبھی خود کو ڈائریکٹر را بتا کر مختلف سوسائٹیوں میں رہتا ہے، وہ مشتبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں ہوئے بم بلاسٹ کے باعث اس اطلاع کو سنجیدگی سے لیا گیا۔ ایک ٹیم بنا کر پیراماو?نٹ گولف فاریسٹ سوسائٹی گریٹر نوئیڈا میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ جب ٹیم اس فلیٹ پر پہنچی جہاں مبینہ را افسر رہتا تھا تو دروازہ ایک خاتون نے کھولا۔ اسی دوران ایک شخص وہاں آ گیا۔ اس نے اپنا نام سمت کمار، ولد آنجہانی برج نندن شاہ بتایا۔ اس کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے پرس کی تلاشی لی گئی تو اس میں ایک آئی کارڈ کیبنٹ سکریٹریٹ، گورنمنٹ آف انڈیا کا ملا، جس پر سمت کمار، آئی سی 7623 بی، رینک جوائنٹ سکریٹری، ڈیزگنیشن ڈائریکٹر (آپریشن)، جے آئی سی نیشنل سیکورٹی کونسل، پشت پر سروس ریسرچ اینڈ اینالسِس سروس، بلڈ گروپ او پازیٹیو، تاریخ پیدائش 25 مارچ 1988، والد کا نام برج نندن شاہ درج تھا۔