تاثیر 15 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
گاندھی نگر، 15 نومبر: مرکزی کابینہ نے مغربی ریلوے گجرات ریاست کے کچھ ضلع میں دو اہم نئی ریلوے لائن پروجیکٹوں دیشلپر-حاجی پیر-لونا (81.771 کلومیٹر) اور وایور-لکھپت (62.686 کلومیٹر) نئی براڈ گیج ریلوے لائن کو منظوری دی ہے۔ یہ اطلاع مغربی ریلوے کے شعبہ تعلقات عامہ نے ہفتہ کو دی۔
بھوج-نلیا ریل لائن کو وایور تکتوسیع اور نلیا-جکھاؤ پورٹ نئی ریل لائن (تقریباً 194 کلومیٹر) 3375روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔ یہ سرحدی اور ساحلی علاقوں میں ریل رابطے کو مضبوط بنانے، صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب اہم اقدامات ثابت ہوں گے۔
مغربی ریلوے کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ گجرات کا کچھ علاقہ قدرتی وسائل اور صنعتی صلاحیت کے لحاظ سے ملک کے سب سے خوشحال علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ ہندوستان میں پیدا ہونے والے چونا پتھر کا تقریباً 70 فیصد کچھ میں پیدا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہعلاقہ ملک کی سب سے بڑی لائم اسٹون بیلٹ کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ یہاں ملنے والا چونا پتھر اعلیٰ میعار کا سمجھا جاتا ہے۔

