تاثیر 17 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈنڈوری، 17 نومبر: بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ٹیکسٹائل گری راج سنگھ نے کانگریس کی انتخابی کارکردگی پرطنزکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ انتخابات میں کانگریس کے جتنے ایم ایل اے جیتے ہیں، اتنے تو اکیلے بہار انتخابات میں بی جے پی کے منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اب خاندانی سیاست کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ لالو یادو کا خاندان انتخابات کے بعد بکھر جائے گا۔ اب کوئی پارٹی خاندانی سیاست پر نہیں چل سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اندرا گاندھی کے بعد راجیو اور سنجے کا خاندان پہلے ہی بکھر گیا تھا اور اب ’صرف ایک خاندان رہ گیا ہے‘۔
مرکزی وزیر سنگھ نے یہ باتیں ڈنڈوری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہیں۔ وہ مدھیہ پردیش کے اپنے چار روزہ دورے کے تیسرے دن پیر کو امرکنٹک سے واپسی کے دوران مختصر دورے پر ڈنڈوری پہنچے تھے۔ وہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وہ شاہ پورہ کے بی جے پی ایم ایل اے اوم پرکاش دھوروے کی رہائش گاہ پر گئے اور ان سے ملاقات کی۔ اس گفتگو کے دوران انہوں نے مختلف سیاسی امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

