گوہاٹی ٹیسٹ: پہلے دن جنوبی افریقہ نے 6 وکٹ پر 247 بنائے

تاثیر 22 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی، 22 نومبر: بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔ گوہاٹی کے بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ سینوران متھوسامی 25 اور کائل ویرین 1 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے اوپنرز ایڈن مارکرم اور ریان رکلٹن کے ساتھ اچھی شروعات کی۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ شراکت جسپریت بمراہ نے توڑی۔ انہوں نے مارکرم کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ مارکرم نے 38 رنز بنائے۔ اس کے بعد کلدیپ یادو نے ریان رکلٹن کو پویلین بھیجا۔ رکیلٹن نے 35 رنز جوڑے۔ جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 166 کے سکور پر گری۔کپتان ٹیمبا باوما 92 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔کلدیپ یادو نے ٹرسٹن سٹبس کو چوتھی وکٹ کے لیے آؤٹ کیا۔ سٹبس 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 201 پر گری۔ ویان مولڈر 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ افریقی ٹیم کی چھٹی وکٹ ٹونی ڈی جیورگی کی صورت میں گری جو 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے اسپنر کلدیپ یادو نے پہلے دن تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ جسپریت بمراہ، محمد سراج اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں افریقی ٹیم نے بھارت کو 30 رنز سے شکست دی تھی۔