تاثیر 14 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 14 نومبر:فلمی دنیا کے ممتاز اداکار دھرمیندر کی رازداری کی خلاف ورزی کے معاملے نے سنجیدہ رخ اختیار کر لیا ہے، کیونکہ انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویڑن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن (آئی ایف ٹی ڈی اے) نے جمعرات کو بعض میڈیا اہلکاروں اور فوٹوگرافروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔
آئی ایف ٹی ڈی اے کے صدر اشوک پنڈت کی جانب سے 13 نومبر کو جوہو پولیس اسٹیشن میں جمع کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا کہ چند میڈیا نمائندوں نے بغیر پیشگی اجازت کے دھرمیندر کے نجی مکان میں داخل ہوکر ان کے خاندان کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں۔ ان ویڑولز کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلایا گیا جس کا مقصد تشہیر اور مالی فائدہ حاصل کرنا تھا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے نے دھرمیندر کے اہل خانہ کو ان کی بیماری اور اسپتال میں داخلے کے دوران ذہنی اذیت سے دوچار کیا۔ آئی ایف ٹی ڈی اے نے اسے “رازداری اور انسانی وقار پر حملہ” قرار دیا ہے۔

